کوئٹہ: امن و امان میں بہتری کے لیے ایک نئے پولیس اسٹیشن کا قیام

کوئٹہ: امن و امان میں بہتری کے لیے ہزارہ ٹاؤن میں نئے پولیس اسٹیشن کا قیام
🔶 کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے ہزارہ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے ہزارہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت کی ہدایات پر پولیس اسٹیشن کے لیے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔
🔶 ڈی آئی جی پولیس کے ترجمان کے مطابق ہزارہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کو بروری پولیس اسٹیشن سے علیحدہ کر کے قائم کیا گیا ہے تاکہ ہزارہ ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں کے عوامی مسائل کو بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے۔
🔶 اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن کا قیام مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 4 ذیلی سیکشن 5 کے تحت عمل میں لایا گیا ہے، جس میں پولیس اسٹیشن کی حدود اور دائرہ اختیار کی واضح نشاندہی کی گئی ہے۔
🔶 مزید کہا گیا ہے کہ نئے پولیس اسٹیشن کے لیے ایس ایچ او کی تعیناتی، ضروری پولیس نفری کی منظوری اور دیگر انتظامی امور مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ پولیس اسٹیشن فوری طور پر فعال ہو سکے۔
🔶 پولیس حکام کے مطابق ہزارہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے قیام سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی، عوامی تحفظ میں اضافہ ہوگا، پولیس کے فوری ردعمل کے نظام کو تقویت ملے گی اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔



