شیخ زید ہسپتال کوئٹہ میں مستقل ڈائریکٹر کی عدم تعیناتی پر سابق صدر سجاد احمد رئیسانی اور جنرل سیکرٹری حاجی محمد عارف سارنگزئی کاحکومت سے فوری تعیناتی کا مطالبہ
ایک ماہ سے انتظامی سربراہ نہ ہونے کے باعث ہسپتال کے امور متاثر، مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات

پیرامیڈیکل اسٹاف شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کے سابق صدر سجاد احمد رئیسانی، جنرل سیکرٹری حاجی محمد عارف سارنگزئی اور دیگر رہنماؤں نے صوبائی حکومت بلوچستان اور وزیرِ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ میں فوری طور پر مستقل ڈائریکٹر تعینات کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے ہسپتال بغیر کسی انتظامی سربراہ کے چلایا جا رہا ہے، جو کہ اس اہم اور بڑے طبی ادارے کے ساتھ سراسر ناانصافی کے مترادف ہے۔ انتظامی خلا کے باعث ہسپتال کے امور متاثر ہو رہے ہیں اور مریضوں کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر فوری طور پر مستقل ڈائریکٹر کی تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی تو اس سے ادارے کی کارکردگی مزید متاثر ہوگی، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کے انتظامی معاملات کو بہتر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔



