کوہلو : کوہ جاندران جنگلات میں آگ لگ گئی، وسیع رقبہ لپیٹ میں آ گیا

*کوہلو کوہ جاندران میں جنگلاتی آگ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کوہلو کی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف*
ضلع کوہلو کے علاقے کوہ جاندران میں لگی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کوہلو کی ٹیمیں بھرپور انداز میں امدادی اور آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں جنگلات حکام کے مطابق آگ نے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور متعدد مقامات پر جھاڑیوں، درختوں اور قدرتی پودوں کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت بعض مقامات پر زیادہ ہے جس کی وجہ سے اسے مکمل طور پر کنٹرول کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں ڈویژنل فارسٹ آفیسر جان محمد کاکڑ کے مطابق محکمہ جنگلات کے درجنوں اہلکار آج صبح سے فیلڈ میں موجود ہیں اور مسلسل آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ آگ جس مقام پر لگی ہے وہ انتہائی دشوار گزار اور پہاڑی علاقہ ہے جہاں پہنچنے کے لیے عملے کو پیدل سفر اور محدود وسائل کے ساتھ کام کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث آپریشن کو مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے بتایا کہ عملہ دستی آلات اور دستیاب وسائل کے ذریعے آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ آگ مزید پھیلنے سے روکی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ کی شدت اور علاقے کی جغرافیائی صورتحال کے باعث کارروائی میں وقت لگ سکتا ہے تاہم محکمہ جنگلات کی ٹیمیں مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں ڈویژنل فارسٹ آفیسر کے مطابق محکمہ جنگلات کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عملہ مرحلہ وار حکمت عملی کے تحت آگ کے مختلف حصوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی جنگلات حکام کے مطابق موجودہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور آگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔



