کوئٹہ: گھر میں گھس کر خاتون کا قتل، ڈاکو نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار

کوئٹہ: گھر میں گھس کر خاتون کا قتل، نقدی اور زیورات کی لوٹ مار
کوئٹہ کے علاقے نواکلی، بشیر آباد میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ایک معمر خاتون کو قتل کر دیا اور گھر سے زیورات سمیت ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق 80 سالہ خاتون (ف) نواکلی کے علاقے بشیر آباد میں اپنی بیٹی کے گھر میں رہائش پذیر تھیں۔
گزشتہ دنوں جب خاتون کی بیٹی اور داماد کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گئے ہوئے تھے، تو نامعلوم ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر خاتون کا استری کی تار سے گلا دبا کر انہیں ہلاک کر دیا اور قیمتی زیورات و نقدی لے اڑے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔ زرغون آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے کیس مزید تفتیش کے لیے ‘سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ’ کو منتقل کر دیا ہے۔



