پنجگور میں دہشت گردوں کے حملے ناکام ،پیشگی انٹیلی جنس معلومات پر ایف سی کی بروقت کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

پنجگور میں دہشت گردوں کے حملے ناکام ،پیشگی انٹیلی جنس معلومات پر ایف سی کی بروقت کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک
ضلع پنجگورمیں 28 مارچ کی رات ایک نہایت سنگین صورتحال پیدا ہوئی، جہاں مبینہ طور پر فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے مختلف رہائشی گھروں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق گرمکان میں شہری کلیم اللہ، شاہد حسن اور رضوان کے گھروں جبکہ خداآبادان میں فرحان کے گھر پر مسلح افراد نے دھاوا بول کر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ حملہ آوروں نے لوٹ مار کے ساتھ خواتین اور معصوم بچوں پر بھی ظلم و تشدد کیا، گھروں سے قیمتی سامان چھین لیا گیا اور بعض گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد موقع پر ہلاک کر دیے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد ہوا۔
علاقہ مکینوں نے ایف سی کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر فوری ردعمل نہ دیا جاتا تو ایک بڑی تباہی یقینی تھی۔ عوام نے سیکیورٹی فورسز کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق
دہشت گرد، جو خود کو بلوچ کہہ کر عوام کو گمراہ کرتے ہیں، اپنے ہی ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر میدانِ فرار اختیار کر گئے، جو ان کی بزدلی اور ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
مزید برآں، ان کارروائیوں کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ پیشگی انٹیلی جنس اطلاعات تھیں، جن کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز پہلے سے الرٹ اور تیار تھیں، جس نے دہشت گردوں کے منصوبے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔



