بلوچستان
بلوچستان: مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلاب سے 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلاب سے 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان میں بارش اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارش اور سیلاب سے صوبے مختلف اضلاع میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ہرنائی،کوہلو، تربت، جعفرآباد، لورالائی اور کچھی میں ہلاکتیں اور زخمی رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ بالا ناڑی میں پشتہ ٹوٹنے سے 100 مکانات تباہ اور 50 مویشی ہلاک ہوئے جب کہ بالاناڑی میں 400 ایکڑ زرعی زمین بھی زیرِآب آگئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ہرنائی اور قلعہ عبداللہ میں تقریباً 100 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جب کہ جھل مگسی میں سیلابی ریلے کے باعث گنداواہ نوتال روڈ بند ہوگئی۔



