بلوچستان

کچلاک میں نامعلوم نوجوان لڑکی کی بوری بند لاش برآمد

کچلاک میں نامعلوم نوجوان لڑکی کی بوری بند لاش برآمد، قتل کا اندوہناک واقعہ لاش شناخت کیلئے ہسپتال منتقل۔
کچلاک کے نواحی علاقے کلی کتیر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان لڑکی کو بے دردی سے قتل کر کے اس کی لاش بوری میں بند کر کے ویرانے میں پھینک دی۔ ذرائع کے مطابق لاش آج صبح کچلاک کے ایک لنک روڈ کے قریب سے برآمد ہوئی، جس پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے۔
بولتا بلوچستان میڈیا کے ذرائع کے مطابق مقتولہ کی عمر تقریباً 20 سے 25 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لڑکی کو پہلے گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور بعد ازاں لاش کو ٹھکانے لگانے کی غرض سے ویران مقام پر پھینک دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کچلاک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ بولتا بلوچستان میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد ہی واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker