کوئٹہ: بلوچستان میں افسران کی فیلڈ حاضری کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ، لائیو لوکیشن سسٹم متعارف کرانے پر اتفاق

کوئٹہ: بلوچستان میں افسران کی فیلڈ حاضری کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ، لائیو لوکیشن سسٹم متعارف کرانے پر اتفاق
🔶 کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں افسران کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
🔶 ذرائع کے مطابق اجلاس میں لائیو لوکیشن پر مبنی حاضری کا نظام نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ضلعی افسران کی فیلڈ میں موجودگی کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔ مختلف محکموں نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، جس پر وزیراعلیٰ نے تمام منصوبوں کو جون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
🔶 اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ضلعی افسران فیلڈ میں رہ کر منصوبوں پر اعلیٰ معیار کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں، جبکہ 10 دن سے زائد فیلڈ سے غیر حاضر رہنے والے افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاسوں کے تسلسل کو سراہتے ہوئے چیف سیکرٹری کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
🔶 وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے حکومتی کارکردگی کو مزید مؤثر اور جوابدہ بنایا جائے گا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت اور تاخیر کے مرتکب افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



