کراچی میں میٹرک کے امتحانات کا آج سے آغاز
کراچی میں میٹرک کے امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں تاہم بورڈ کی جانب سے اب تک امتحانی مراکز میں ردوبدل کا سلسلہ جاری ہے۔

طلبہ اور والدین غیر یقینی صورتِ حال کے باعث پریشانی کا شکار ہیں، امتحانات میں شریک طلباء کے والدین نے شکوہ کیاکہ امتحانات سے ایک روز قبل ایڈمٹ کارڈ پر درج امتحانی مراکز تبدیل کردیے گئے ہیں۔
طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز کے اجراء اور آن لائن رسائی میں ناکامی پر وزیر تعلیمی بورڈ سندھ محمد اسماعیل راہو نےگزشتہ روز چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے چیئرمین کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس سنگین غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اگر تین روز میں تسلی بخش جواب موصول نہ ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ادھر ناظم امتحانات نے بتایا کہ تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، بورڈ انتظامیہ کی گزارش پر کمشنر آفس میں مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا، ناظم امتحانات کے مطابق کمشنر کراچی نے امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ امن و امان کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بورڈ سےلیٹر جاری کردیا گیا، سائبر سکیورٹی کو پرچے آؤٹ کرنے والے واٹس اپ گروپ پر نظر رکھنےکی بھی ہدایت کردی گئی۔
ناظم امتحانات نے بتایاکہ کسی بھی وجہ سے پہلےدن اپنے امتحانی مرکز نہ پہنچنے والےقریبی امتحانی مرکز پر پرچہ دے سکتے ہیں۔



