صحت

پاکستان میں منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ ، فوری آگاہی کی اپیل

کراچی : پاکستان میں منکی پاکس کے مقامی پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر آغا خان ہسپتال نے فوری آگاہی کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے وبائی امراض کے ماہرین نے پاکستان میں منکی پاکس (Mpox) کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ وائرس اب محض بیرونِ ملک سے نہیں آ رہا بلکہ ملک کے اندر مقامی سطح پر منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

میڈیا راؤنڈ ٹیبل کے دوران ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک کی صورتحال تشویشناک رخ اختیار کر رہی ہے، سال 2025 میں پاکستان میں 53 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے اکثر کا تعلق بیرونِ ملک سفر سے تھا، تاہم 2026 میں یہ پیٹرن بدل گیا ہے۔

کراچی میں حالیہ دو کیسز میں سے ایک مقامی منتقلی کا شبہ ظاہر کرتا ہے، جبکہ خیرپور (سندھ) میں وائرس کا پھیلاؤ یہ ظاہر کرتا ہے کہ انفیکشن اب صحت کی سہولیات تک پہنچ چکا ہے۔

ڈاکٹر فیصل محمود (پروفیسر، آغا خان یونیورسٹی ہسپتال) نے زور دیا کہ ہم اس مرحلے پر ہیں جہاں بروقت آگاہی ہی پھیلاؤ کو روک سکتی ہے۔ معالجین اور عوام علامات ظاہر ہوتے ہی فوری اقدام کریں اور انتظار نہ کریں۔

وائرس کیسے پھیلتا ہے؟
ماہرین نے واضح کیا کہ Mpox فضائی وائرس نہیں ہے، بلکہ یہ درج ذیل طریقوں سے پھیلتا ہے، متاثرہ شخص کی جلد سے جلد کا رابطہ، متاثرہ شخص کے زیرِ استعمال بستر یا کپڑوں کو چھونا ، طویل وقت تک قریبی رابطے کے دوران سانس کی بوندوں کے ذریعے اور حمل یا پیدائش کے دوران منتقلی کا خطرہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹر فاطمہ میر (ایسوسی ایٹ پروفیسر) کے مطابق، علامات کو نظر انداز کرنا اور تنہائی میں تاخیر بڑے پیمانے پر انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے۔

نمایاں علامات میں بخار، سوجے ہوئے لمف نوڈز، چہرے، ہتھیلیوں، تلوؤں اور جنسی حصوں پر نمایاں دانے یا زخم ہے، نوزائیدہ بچے، حاملہ خواتین اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد میں شدید بیماری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود کو دوسروں سے الگ کر لیں اور ڈاکٹر سے رجوع کریں، کسی مشتبہ مریض سے رابطہ ہونے کی صورت میں 21 دن تک اپنی صحت کی نگرانی کریں۔

ہسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ زچگی کے شعبوں اور نوزائیدہ بچوں کے وارڈز میں انفیکشن کنٹرول پروٹوکولز کو فوری طور پر سخت کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker