روس کا یوکرین پر 300 سے زائد ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ

روس کا یوکرین پر 300 سے زائد ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کے مطابق روس نے گزشتہ شب یوکرین پر 300 سے زائد ڈرونز اور ’بڑی تعداد‘ میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا۔
زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کو صرف ایک دن پہلے ہی فضائی دفاعی میزائلوں کی نئی کھیپ موصول ہوئی تھی، جس نے دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کو مزید فوجی ساز و سامان کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا، ’’شراکت داروں کو اس کی فراہمی میں ناکام نہیں ہونا چاہیے، فضائی دفاعی میزائل انسانی زندگی کے لیے حقیقی تحفظ ہیں۔
‘‘
یوکرینی دارالحکومت کییف کے مختلف حصوں میں تازہ روسی حملوں کے بعد بجلی، ہیٹنگ اور پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کییف کے میئر وٹالی کلِچکو کا کہنا ہے کہ یوکرینی دارالحکومت پر ہونے والے ان حملوں کے بعد 5,635 کثیر المنزلہ رہائشی عمارتیں ہیٹنگ کی سہولت سے محروم ہو گئی ہیں۔ انہوں نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ متاثرہ عمارتوں میں سے اکثر کو نو جنوری کو ہونے والے بڑے روسی حملے کے دوران پہلے ہی نقصان پہنچ چکا تھا۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق، روس نے رات بھر جاری رہنے والے اس حملے میں ڈرونز اور کروز میزائلوں کا مشترکہ استعمال کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ، رہائشی عمارتوں اور نجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ڈرون کا ملبہ گرنے سے کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ میئر کلچکو نے بتایا کہ دریائے ڈنیپرو کے بائیں کنارے پر واقع علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔



