کینیڈا : سکول میں فائرنگ، 10 افراد جاں بحق

کینیڈا کے ایک سکول پر فائرنگ کے نتیجے کم از کم 10 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وفاقی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعہ ملک کے مغربی علاقے برٹش کولمبیا کے شہر ٹمبلر ریج میں پیش آیا، واقعے میں 27 زخمی افراد میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے، رائل کینیڈین پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسی علاقے میں ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کے بارے میں پولیس کا خیال ہے کہ اسی نے ہی سکول پر فائرنگ کی اور بعد میں خود کو گولی ماری۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دوپہر کو ہونے والے واقعے کے بعد پولیس کی جانب الرٹ جاری کیا کہ حملہ آور ریج سیکنڈری سکول یا قریبی علاقے میں موجود ہو سکتا ہے، اطلاع ملنے پر پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور سکول کی تلاشی لی گئی جہاں ابتدائی طور پر 6 افراد کی لاشیں ملیں اور ان میں مشتبہ حملہ آور موجود نہیں تھا، اسی طرح ایک زخمی ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں چل بسا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سکول کے اندر سٹاف کے لیے بنائی گئی رہائشگاہ سے بھی 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں اور خیال یہی کیا جا رہا ہے کہ ان کو بھی سکول میں فائرنگ کرنے والے نے ہی نشانہ بنایا، کینیڈا کے مقامی میڈیا یہ بھی رپورٹ ہو رہا ہے کہ حملہ آور خاتون تھی، تاہم کیپٹل پولیس کی جانب سے ممکنہ حملہ آور کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئی۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کے ڈسٹرکٹ کمانڈر کین فلوئڈ کا کہنا ہے کہ یہ یکدم سامنے آنے والی صورت حال ہے جس سے نمٹنے میں سکول میں موجود افراد اور مقامی لوگوں کے تعاون نے ہماری کارروائی میں اہم کردار ادا کیا، یہ ہمارے شہر اور لوگوں کے لیے ایک مشکل اور ناقابل حد تک جذباتی دن ہے، ٹمبلر رج برٹش کولمبیا کے سب سے بڑے شہر وینکوور کے شمال کی طرف تقریباً ایک ہزار ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔



