افغانستان کے صوبے ہرات میں فائرنگ، 12 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

افغانستان کے صوبے ہرات میں فائرنگ، 12 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی
🔶 افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں نامعلوم مسلح افراد نے تفریح کے لیے آئے ہوئے نہتے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی پشتو کے مطابق اس حملے میں 12 افراد جاں بحق اور دو خواتین سمیت 15 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ طالبان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تعداد 7 بتائی ہے۔
🔶 ہرات میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے صوبائی سربراہ احمد اللہ متقی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ضلع انجیل کے علاقے ‘دہ مہری’ میں پیش آیا۔ ان کے مطابق مسلح افراد نے ان شہریوں کو نشانہ بنایا جو وہاں پکنک منانے اور سیر و تفریح کے لیے موجود تھے۔
🔶 ہسپتال کے ذرائع نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ اب تک 12 لاشیں ہسپتال منتقل کی جا چکی ہیں۔ دوسری جانب زخمی ہونے والے 15 افراد کو، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، ہرات کے علاقائی ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
🔶 طالبان حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ جس علاقے میں یہ حملہ ہوا وہاں کی اکثریت شیعہ مسلک سے تعلق رکھتی ہے، تاہم تاحال کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔



