پاکستان میں امریکا ایران مذاکرات پر بھارتی میڈیا حواس باختہ، چینی و امریکی مہمانوں نے بولتی بندکردی
اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر لگی ہوئی ہیں لیکن بھارتی میڈیا دنیا خطے کو جنگ سے بچانے کی کوششوں کے لیے پاکستانی اقدامات کی تعریف کرنے کے بجائے اب بھی پروپیگنڈے میں مصروف ہے جس میں اسے شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارت کی انتہا پسند حکومتی پالیسی سے متاثر میڈیا بین الاقوامی امور کے ماہرین کو مدعو کر کے ان سے پاکستان کے خلاف زہر اگلوانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف عمل ہے تاکہ ان بیانات کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے پاکستان کو نیچا دکھایا جا سکے لیکن بھارتی میڈیا کو اس میدان میں بھی بدترین شرمندگی کا سامنا ہے۔
بھارتی چینلز پر بین الاقوامی امور ماہرین اور سفارتکاروں کے ہاتھوں بھارتی اینکرز کی براہ راست بے عزتی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔
بھارت کے متنازع ترین اینکر پرسن ارناب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں چین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی امور کے ماہر وکٹر گاؤ کو مخاطب کرتے ہوئے سوال پوچھا آپ کیا سمجھتے ہیں کہ ایک پوری تہذیب کو تباہ کرنے سے لیکر یکطرفہ جنگ بندی کے درمیان کیا کچھ ہوا؟
وکٹر گاؤ نے اپنے جواب کا آغاز پاکستان کی تعریف سے کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے تو آپ کو پاکستان کو اس بات کا کریڈٹ دینا چاہیے کہ اس نے ان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کی ماحول فراہم کیا۔ پاکستان کی تعریف سنتے ہی بھارتی اینکر حواس باختہ ہو گیا اور وکٹر گاؤ کو اس سے آگے بولنے کی اجازت ہی نہ دی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔
اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں ایک بھارتی اینکر امریکی سفارتکار جیفری گنٹر سے سوال کرتا ہے کہ آپ لوگ پاکستان جا رہے ہیں جو امریکا اور ڈونلڈ ٹرمپ کو جارح کہتے ہیں اور ٹرمپ کو بھی خدشہ ہے کہ جے ڈی وینس پاکستان میں محفوظ بھی ہوں گے یا نہیں۔
اس کے جواب میں امریکی سفارتکار نے بھارتی اینکر کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ جے ڈی وینس پاکستان میں مکمل طور پر محفوظ ہوں گے، TimesNow جس کا بھارت کے مین اسٹریم چینلز میں ہوتا ہے وہ بھی اسکول کے بچوں کی طرح برتاؤ کر رہا ہے، آپ لوگ اس طرح سے بکواس کر رہے ہیں کہ اس طرح کرنے سے کچھ فرق پڑ جائے گا، مجھے لگ رہا ہے کہ مجھے ہر کسی کو اسکول ٹیچر کی طرح آپ لوگوں کو سکھانا پڑ رہا ہے۔
امریکی سفارتکار جیفری گنٹر کا مزید کہنا تھا یہ انسانی زندگیوں اور انسانیت کا معاملہ ہے، یہ بھارتیوں اور امریکیوں کے لیے مہنگی پیٹرولیم مصنوعات اور روزگار کا مماملہ ہے، لیکن آپ لوگ اس معاملے کو پاکستان بھارت تنازع میں گھسیٹ رہے ہیں جو انتہائی شرمندگی کا باعث ہے۔



