اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، صیہونی فوج کے حملے میں7 فلسطینی شہید ہوگئے

اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اسرائیلی فوج کے حملے میں ایک صحافی سمیت 7 فلسطینی شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے، 4 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتے کی صبح غزہ کے بُریج کیمپ میں پولیس چوکی پر فضائی حملہ کیا۔
غزہ شہری دفاع کے مطابق حملے میں ایک صحافی سمیت 7 فلسطینی شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے،4 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، شہدا میں شہری دفاع اہلکار اور ایک طبی کارکن بھی شامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ برس 10 اکتوبر سے نافذ العمل غزہ جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 738 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز نے مسیحی تہوار منانے والوں پر دھاوا بول دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سیکڑوں مسیحی سبت نور تہوار پر جلوس نکال رہے تھے، اسرائیلی فورسز نے جلوس کے شرکا پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد زخمی ہوگئے جب کہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی پولیس چیف نے چرچ آف ہولی سپلچر میں داخل ہو کر مذہبی تقریب رکوائی۔



