مقامی خبریںبلوچستان

بلوچستان اسمبلی نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور ثالثی کے کردار پر پاکستان کو سراہتے ہوئے مشترکہ تہنیتی قرارداد منظور کرلی

بلوچستان اسمبلی نے پاکستان کی جانب سے ایران امریکہ جنگ میں جنگ بندی اور ثالثی کے کردار کو سراہتے ہوئے مشترکہ تہنیتی قرارداد منظور کرلی ۔جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے تہنیتی قرارداد پیش کرنے کی تحریک پیش کی ،قرارداد پیش کرنے کی اجازت ملنے پر صوبائی وزیرداخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے صوبائی وزراءمیر شعیب نوشیروانی ، حاجی علی مدد جتک ،حاجی نورمحمد دمڑ،پارلیمانی سیکرٹریز محمداصغررند، حاجی ولی محمد نورزئی ،ہادیہ نواز ،ارکان اسمبلی خیرجان بلوچ ،اشوک کمار ، فرح عظیم شاہ ، شاہدہ روف کی جانب سے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان حالیہ بین الاقوامی تنازعہ میں ریاست پاکستان کی سفارتی اور حکومتی قیادت کی ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے امریکہ اورایران کے درمیان جنگ بندی کی خوش آئند پیش رفت پر اپنی دلی خوشی کاا ظہارکرتا ہے اوراس سلسلے میں بروقت ،متوازن ، پرامن اورنتیجہ خیز کردار پر خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایوان پاکستان کے وزیراعظم پاکستان میاں محمدشہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو انکی سفارتی بصیرت،بہترین قیادت اور عالمی امن کے لئے کی جانے والی بے مثال خدمات کے لئے سراہتا ہے جنہوں نے تمام بین الاقوامی وعلاقائی قوتوں سے مفاہمت اور پرامن حل کی راہ ہموار کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن دوست قوم کی حیثیت سے عالمی قیادت کی توجہ حاصل کی جس کے نتیجے میں ممکنہ بڑے تنازعہ کو جنگی بحران میں تبدیل ہونے سے روکا جس سے خطے اوردنیا میں امن واستحکام کا ماحول قائم ہوا بلوچستان اسمبلی کا ایہ ایوان سفارتی اقدامات،ملکی وقار اور بین الاقوامی ساکھ میں اضافے کے لحاظ سے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے کردار کواعلیٰ نمونہ قرار دیتا ہے نیز اس امر پر زوردیتا ہے کہ عالمی امن کے تحفظ کے لئے پاکستان کے سنجیدہ اور متوازن کردار کو مستقبل میں بھی مضبوطی سے جاری رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایوان امید ظاہر کرتا ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل امن ، باہمی تعاون اور وقار عالمی تعلقات کا باعث بنے گی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی پرامن ترجیحات کو مزیدتقویت فراہم کریگی۔قرارداد پر بات کرتے ہوئے میر ضیا ءاللہ لانگو نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کی دنیا معترف ہے ہم نے خطے میں جانی و مالی نقصان کو کم کر کے سکون و امن فراہم کیا ہے امید ہے کہ فریقین کے تعاون سے امن کی کوششیں کامیاب ہونگی۔ صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے دوران دنیا امن چاہتی تھی اور پاکستا ن نے سب سے پہلے اس میں کردارادا کیا ہے جو کہ باعث افتخار ہے ، آج دنیا کی بڑی قوتوں کے مذاکرات پاکستان میں ہورہے ہیں جسکا تمام تر سہرا سیاسی و عسکری قیادت کو جاتا ہے ۔نیشنل پارٹی کے رکن خیر جان بلوچ نے کہا کہ دنیا میں اب بھی منفی قوتیں ہیں جو انتشار، خون ریزی پر یقین رکھتی ہیں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور مودی تشدد کو فروغ دینا چاہتے ہیں جس سے عالمی امن کو خطر ہ لاحق ہے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے معاملہ فہمی کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر قدم اٹھایا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ کنفلکٹ زون ہے خدشہ ہے کہ نیتن یاہو جیسے لوگ خاموش نہیں رہیں گے اور ہمارے ملک کے سیاسی و معاشی استحکام اور ثالثی کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی آگ ہمارے ملک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی تھی تمام ممالک کو مسئلے کو حل کی طرف لیکر جانا چاہےے ۔ ارکان اسمبلی فرح عظیم شاہ، ہادیہ نواز نے کہا کہ پاکستان نے پور ی دنیا کو تباہی سے بچایا جس پر سیاسی اور عسکری قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے ۔مسلم لیگ(ن) کے رکن اشوک کمار نے کہا کہ اقلیتی برداری کی جانب سے قرارداد کی حمایت کرتا ہوں سیاسی اور عسکری قیادت نے خطرناک موڑ پر پاکستان اور بلوچستان کو بچایا ہے ۔جمعیت علماءاسلام کی رکن شاہدہ رﺅف نے کہا کہ پاکستان کے ثالثی کے کردار کو جمعیت علماءاسلام سراہتی ہے یہ وقت سیاسی اختلافات کو بھلا کر قومی مفاد میں اکھٹے ہونے کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کو ٹالنا انسانیت کی خدمت ہے ۔ صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ میں ثالثی پاکستان کی سفارتی ،سیاسی اور عسکری کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی کی جنگو کے ہمیشہ خطے پر بد ترین اثرات مرتب ہوئے ہیں دنیا بھر کے عوام پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں پاکستان کی جانب آج کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ہم نے ایران امریکہ کو مذاکرات پر راضی کر کے آگ پر پانی ڈالا ہے ۔ حق دو تحریک کے رکن مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ امریکہ ، انڈیا اور اسرائیل تین بڑے شیاطین ہیں سیاسی اور عسکری قیادت خراج تحسین کے مستحق ہیں ہمیں ملک کے اندر بھی قیام امن کے فروغ اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہےے ۔ صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ امریکہ نے اپنی بالادستی قائم رکھنے کے لیے افغانستا ن سمیت خطے کے دیگر ممالک اجاڑ دئےے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے جنگ بندی جیسے کار خیر میں بہترین کردار ادا کیا ہے ایران جنگ کے اثرات براہ راست پاکستان اور بلوچستان پر مرتب ہوسکتے تھے ۔اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ ایرانی قوم کی یکجہتی ہمارے لیے مشعل راہ بن سکتی ہے ۔صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ہم اپنی آنکھوں سے تاریخی فیصلے دیکھ رہے ہیں جس پر صدر مملکت، وزیراعظم ، وزیر خارجہ ،عسکری اور اینٹیلجنس ٹیموں کے شکرگزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین، ترکی، مصر ،سعودی عرب سمیت جن ممالک نے جنگ بندی میں ساتھ ہے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صبر تحمل سے کام لیتے ہوئے اسے فروغ دیا ہے ہم نے خطے میں آگ بھڑکنے سے روکی ہے ۔اس موقع پر اسپیکر کی ہدایت پر مولانا ہدایت الرحمن نے ایوان میں مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کروائی بعدازاں قرارداد کو پورے ایوان کی مشترکہ قرارداد کے طور پر منظور کرلیا گیا ۔جس کے بعد اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر تک کے لیے ملتوی کردیا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker