کراچی : منگھوپیر میں واٹر ٹینکرکی ٹکر سے5 سالہ بچہ جاں بحق

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت عارف کے نام سے ہوئی ہے، جو واقعےکے وقت گلی میں کھیل رہا تھا۔ حادثے کے بعد پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے۔
بچے کے والد عباس کے مطابق عارف دو بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا جبکہ اس کی والدہ تین سال قبل انتقال کر چکی تھیں۔
بچے کے والد نے بتایا کہ واٹر ٹینکر گلی میں پانی ڈالنے کے بعد واپس جا رہا تھا کہ ریورس ہوتے ہوئے بچے کو کچل دیا۔ ان کا کہنا ہےکہ ڈرائیور کے کان میں ہینڈ فری لگی ہوئی تھی اور لوگوں کے شور مچانےکے باوجود اس نے بروقت گاڑی نہیں روکی۔
علاقہ مکینوں نے ڈرائیور کو روکنےکی کوشش کی، تاہم معصوم بچہ جانبر نہ ہو سکا۔
بچے کے والد کا کہنا تھا کہ واٹر ٹینکر والے چند پیسوں کی لالچ میں بچوں کی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ دار ملزم کو سخت سزا دی جائے۔
خیال رہے کہ کراچی میں رواں سال اب تک ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔



