نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء کیلئے سٹیٹ بینک حکومتی اجازت کا منتظر، تیاری مکمل

ملک میں نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء کیلئے سٹیٹ بینک حکومتی اجازت کا منتظر ہے اس حوالے سے تیاری مکمل کرلی گئی۔ میدیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں لیکن حتمی ڈیزائن کی منظوری کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے، اس سلسلے میں سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ نئی کرنسی جدید اور مؤثر سکیورٹی فیچرز سے آراستہ ہوگی تاہم اب تک نوٹوں کے حتمی ڈیزائن موصول نہیں ہوئے، جیسے ہی منظوری ملے گی تو نئی کرنسی کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا، اس مقصد کے لیے جدید مشینری پہلے ہی دستیاب ہے۔
سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر پرنٹنگ عامر شمس کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی سے متعلق مشاورت ہو چکی ہے، نئی کرنسی کے ڈیزائن مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے یا تمام مالیتوں کے نوٹ ایک ساتھ متعارف کرائے جائیں گے، اس حوالے سے معاملات تاحال سٹیٹ بینک میں زیر غور ہیں، امکان ہے سٹیٹ بینک رواں سال نئی کرنسیوں کی چھپائی کے لیے باضابطہ ٹائم لائن جاری کرے گا۔
اس سلسلے میں ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر کے حکومت کو ارسال کردیئے گئے ہیں، نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا باضابطہ آرڈر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی دیا جائے گا، کابینہ کی منظوری کی صورت میں 2026ء کے آخری مہینوں میں نئے ڈیزائن والی کرنسی کا اجراء ممکن ہوگا۔



