مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی، ولیمے کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پوتے جنید صفدر آئندہ کچھ روز میں ایک مرتبہ پھر شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے ہورہی ہے جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔

شادی کی تقریبات 16 جنوری 2026 سے شروع ہوں گی جب کہ جنید صفدر کی بارات 17 جنوری کو لیک سٹی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر وائرل کارڈ کے مطابق جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب 18 جنوری 2026 کو شریف فارمز جاتِی اُمرا میں دوپہر ایک بجے منعقد ہوگی۔
تاہم شریف خاندان کی جانب سے تقاریب کی تاریخ سے متعلق تصدیق یا تردید نہ ہوسکی۔
جنید صفدر کی دوسری شادی کی تصدیق:
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شیخ روحیل اصغر نے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے تقریبات کی کچھ تفصیلات بھی بتائی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ میری پوتی شانزے اور جنید کی بہن ماہنور صفدر کی گہری دوستی ہے اور دونوں اکثر ایک دوسرے کے گھر جاتی رہتی ہیں، یہ یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ ماہنور نے اپنے بھائی کے لیے اس شادی کا انتخاب کیا لیکن شانزے اکثر مریم نواز سے ملتی رہتی تھیں، شاید اسی وجہ سے مریم نواز نے اس رشتے کے لیے اپنے بیٹے سے رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب میرے بیٹے نے مجھ سے پوچھا، تو میں نے کہا کہ یہ خدا کی رحمت ہے کہ ہماری چھوٹی لڑکی اتنے معزز خاندان میں شادی کر رہی ہے اور میں نے اسے اس رشتے کو قبول کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔
واضح رہے کہ جنید صفدر پہلے بھی شادی کر چکے ہی، انہوں نے 2021 میں عائشہ سیف سے شادی کی تھی مگر یہ رشتہ زیادہ عرصے تک قائم نہ رہ سکا اور دونوں اکتوبر 2023 میں علیحدہ ہوگئے۔



