
پشاور (28 جنوری 2026): خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے رہائی سے متعلق بات کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی دھرنے یا ہڑتال سے نہیں بلکہ اپنے کرتوتوں کی سزا بھگتنے کے بعد ہی جیل سے باہر آئے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ایک سیکرٹریٹ اڈیالہ کے باہر لگایا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی دو جماعتیں بنا لے، ایک تحریک انتشار اور دوسری صوبے کو چلائے۔ کے پی حکومت ہوش کے ناخن لے اور قیدی نمبر 804 کو چھوڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز قربانیاں دے رہی ہیں لیکن کے پی حکومت ملک دشمن کے ساتھ تعلقات کیوں رکھ رہی ہے۔ وہ اپنا کام کرے اور کے پی میں گورننس ٹھیک کرنے کے ساتھ صوبے میں امن کیلیے کام کرے۔
گورنر کے پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاق سے اپنے حصے کی رقم پر صوبائی حکومت اپنا مقدمہ لائے، ہم وفاق سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ مقدمہ گالم گلوچ سے نہیں بلکہ دلائل سے ہی جیت سکتے ہیں۔



