بنگلادیش پرکوئی جرمانہ نہیں ہوگا، ایک ایونٹ کی میزبانی بھی ملےگی: آئی سی سی نے مذاکرات کی تفصیلات جاری کردیں

آئی سی سی نے پی سی بی اور بی سی بی کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات جاری کردیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں عدم شرکت پر بنگلا دیش پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق بنگلا دیش کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی بھی دی جائےگی۔
آئی سی سی کا کہنا ہےکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ 2028 سے 2031 کے درمیان ایک ایونٹ کی میزبانی کرےگا۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز لاہور میں آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے حوالے سے مذاکرات ہوئے تھے۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے مابین مذاکرات 5 گھنٹے سے زائد جاری رہے جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا فوکس بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر رہا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئی سی سی اور بی سی بی کے مابین تجاویز کا تبادلہ ہوا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے باہمی رابطہ کار کے فرائض انجام دیے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیا اور بنگلا دیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے کے لیے فارمولہ تیار کیا۔
پاکستان کا سری لنکن صدر کی درخواست پر بھارت کیخلاف میچ کھیلنےکا فیصلہ
آج پاکستان نے فیصلہ کیاکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 15 فروری کو بھارت سے میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائےگا۔
پاکستان نے سری لنکن صدر کی درخواست پر بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکی درخواست کردی۔
بی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی چیئرمین کا خاص شکریہ کہ انہوں نے اس دوران ہمارا ساتھ دیا، پاکستان سے درخواست ہےکہ وہ بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلے۔



