پاکستان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کرائے بڑھانے کا اعلان

حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے بھی کرائے بڑھانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابلِ مذمت ہے اور اس کے اثرات ہر پاکستانی پر مرتب ہوتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات میں براہِ راست اضافہ ہوتا ہے جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں، حکومتیں ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتی ہیں، اسی لیے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے، اس سے قبل کی گئی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات نے جو معاہدے کیے تھے ان پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کہتے ہیں کہ اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے کئے گئے وعدے بھی پورے نہیں ہوئے، اگر ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو ایک بار پھر ملک گیر پرامن ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی، اس لیے ہمارا وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہڑتال کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن ہو۔
بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لٹر ہوگئی، ملک میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے ہوگئی، پٹرولیم ڈویژن نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker