پنجاب بھر میں ڈیجیٹل طریقوں سے پیمنٹ پر عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی

پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ڈیجیٹل پیمنٹ پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ایک مراسلہ جاری کیا ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں اب پیمنٹ کیش کی بجائے ڈیجٹل طریقے سے ہوگی، اس مقصد کیلئے کاروباری لین دین کیو آر کوڈ اور راست کے ذریعہ کیا جائے، پنجاب بھر کے تمام کاروباری مراکز اور پرچون کی دکانوں پر کیو آر کوڈ آویزاں کیے جائیں۔
اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ جلد مکمل طور پر ڈیجیٹل پیمنٹ کے ذریعہ کیش لیس سسٹم نافذالعمل ہوگا، کیش لیس سسٹم سے عوام کی سہولت، شفافیت اور اکاؤنٹبلیٹی میں معاون ثابت ہوگی، مراسلے میں صوبہ بھر کے پیٹرول پمپس پر فوری طور ڈیجیٹل پیمنٹس کو یقینی بنانے کا حکم دیدیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس پرناصرف کیو آر کوڈ بلکہ موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعہ بھی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ میں کیش لیس نظام متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی ہے، یومیہ 6 لاکھ 31 ہزار سے زائد مسافروں میں 65 فیصد اب بھی کیش ادائیگی کرتے ہیں، نئے فیصلے کے تحت کارڈ یا ٹی کیش سے ادائیگی کرنے پر کم جبکہ نقد ادائیگی پر زیادہ کرایہ لیا جائے گا ، اورنج لائن، لاہور اور پاکستان میٹروبس، ملتان میٹروبس اور فیڈر روٹس پر الگ الگ کرایوں کی تجویز دی گئی ہے، اورنج لائن پر کارڈ پر 25 سے 45 جبکہ کیش پر 30 سے 50 روپےکرایہ مقرر کرنے کی سفارش، لاہور اور پاکستان میٹروبس پر کارڈ پر 30 ، کیش پر 40 روپے کرایہ تجویز دی گئی، ملتان میٹروبس پر کارڈ پر 30 ، کیش پر 40 روپے کرایہ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ لاہور اور ملتان فیڈر روٹس پر کارڈ پر 20، کیش پر 30 روپے کرایہ تجویز دی گئی، الیکٹرک بس فیڈر روٹس پر کارڈ پر 20، کیش پر 30 روپے کرایہ مقرر کرنے کی سفارش کردی گئی۔



