ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹیفکیشن جعلی قرار، وفاقی حکومت نے اس کی تردید کردی

ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹیفکیشن جعلی قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت نے اس کی تردید کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک نوٹی فکیشن وائرل ہورہا ہے جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں چار اور پانچ اپریل ہفتہ اتوار سے حکومت نے ہفتہ میں دو دن کے لیے مکمل ڈاؤن کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات بارہ بجے سے اتوار اور پیر کی درمیانی رات بارہ بجے تک 48 گھنٹے تک لاک ڈاؤن رہے گا، اس دوران تمام مارکیٹس، کمرشل سرگرمیوں، شادی کی تقریبات و دیگر تقریبات پر ہفتے میں دو دن مکمل پابندی ہوگی، اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے علاؤہ ہائی وے اور موٹر وے بھی مکمل بند ہوگی۔
اس حوالے سے اپنے ردعمل میں وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی مکمل تردید کردی ہے، اس سلسلے میں اپنا مؤقف دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے لاک ڈاؤن کے کسی بھی نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر جعلی قرار دیدیا گیا۔



