کراچی: گیس کمپنی مدعی کو ایک ماہ کے اندر 3 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرے: عدالت کا حکم
کراچی کی مقامی عدالت نے جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دائر کیس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو غفلت کا مرتکب قرار دے دیا۔

مقامی عدالت میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت میں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اورنگی ٹاؤن کی ملت کالونی میں 2022 میں گیس لیکیج کے باعث گھر میں دھماکا ہوا، جس سے درخواست گزار کے والدین جاں بحق ہوئے، جب کہ کئی شکایات کے باوجود گیس لائن کی مرمت نہیں کی گئی تھی۔
جس پر عدالت نے جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دائر کیس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو غفلت کا مرتکب قرار دے دیا۔
عدالت نے کمپنی کو 3 کروڑ روپے ہرجانہ ایک ماہ میں ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئےکہا کہ کمپنی کے گواہ نے درخواست گزار کی جانب سے پیش کردہ گیس کا بل درست تسلیم کیا۔
عدالت نے کہا کہ گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا اور کمپنی اس کی روک تھام میں ناکام رہی، گیس کی ترسیل کرنے والا ادارہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کا پابند ہے۔



