کراچی ایئرپورٹ پر ابوظہبی سے آئے خاندان سے 300 تولہ سونا اور لاکھوں درہم کرنسی برآمد

کراچی ایئرپورٹ پر ابوظہبی سے آئے خاندان سے 300 تولہ سونا اور لاکھوں درہم کرنسی برآمد کرلی گئی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام کی جانب سے کی جانے والی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں سینکڑوں تولہ سونا اور لاکھوں درہم کرنسی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ابوظہبی سے آنے والے مسافر اور اس کے اہلخانہ سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔
کسٹمز ترجمان نے بتایا کہ ابوظہبی سے کراچی پہنچنے والے مسافر کے سامان اور ہینڈ کیری بیگز کی سکیننگ کے دوران مشکوک اشیاء کی نشاندہی ہوئی، جس پر تفصیلی تلاشی لی گئی تو مسافر کے قبضے سے بڑی مقدار میں سونے کے زیورات اور گولڈ بارز برآمد ہوئے، ضبط کی جانے والی اشیاء میں 281 تولہ سونے کی چوڑیاں، انگوٹھیاں اور 20 تولہ وزنی گولڈ بارز شامل ہیں، مسافر سے 33 ہزار 100 امریکی ڈالر اور 3 لاکھ 66 ہزار یو اے ای درہم بھی برآمد ہوئے جو غیر قانونی طور پر لائے جا رہے تھے، مسافر کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں سیز فائر ہونے کے بعد مشرق وسطیٰ میں صورتحال ہوتے ہی پاکستان کے لیے ایئرلائنز کی پروازیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں، اس سلسلے میں کویت سے جزیرہ ایئرویز کی پاکستان کے لیے پروازلاہور پہنچی ہے ، پرواز میں 150 سے زائد مسافر لاہور پہنچے، خطے میں حالات خراب ہونے کی وجہ سے یہ پرواز تعطل کا شکار تھی اور یکم مارچ کے بعد جزیرہ ایئر کی پہلی پرواز کویت سے لاہور پہنچ گئی۔



