کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جہانداد خان کو وکٹ لینے کے بعد نامناسب انداز میں جشن منانا مہنگا پڑ گیا

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر جہانداد خان کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ کے دوران جہانداد خان نے راولپنڈیزکے بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب انداز میں جشن منایا، جس پر میچ آفیشلز نے نوٹس لیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق جہانداد خان نے کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کی، جو کسی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد غیر مناسب رویے یا حرکات سے متعلق ہے۔
میچ ریفری نے واقعے کا جائزہ لینے کے بعد جہانداد خان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ کھلاڑی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کرلی، جس کے بعد مزید کارروائی کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
یاد رہے کہ جہانداد خان نے سعد مسعود کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد جذبات میں آکر ایسا جشن منایا جو کھیل کے آداب کے منافی سمجھا گیا، جس پر امپائرز نے فوری طور پر رپورٹ مرتب کی۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق پی ایس ایل جیسے بڑے ایونٹ میں کھلاڑیوں کو اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے کھیل کے اصولوں کا احترام کرنا چاہیے تاکہ کھیل کی روح برقرار رہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو بارہا ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ میدان میں مثبت رویہ اختیار کریں اور کسی بھی ایسی حرکت سے گریز کریں جو مخالف ٹیم یا کھلاڑی کی دل آزاری کا باعث بنے۔



