
اسلام آباد میں جائیداد کی منتقلی پر عائد ٹرانسفر فیس کو موجودہ 3 فیصد سے کم کر دیا گیا ہے
!
اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین و
چیف کمشنر سہیل اشرف کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبہ جات کے ممبران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعدد اہم ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اسلام آباد میں جائیداد کی منتقلی پر عائد ٹسی ڈی اے (CDA) کی حدود میں واقع جائیدادوں کی منتقلی پر ٹرانسفر فیس کی شرح کو فوری طور پر 03 فیصد سے کم کر کے 01 فیصد (ایف بی آر کی جانب سے مقرر کردہ جائیداد کی قیمت کے مطابق) کر دیا گیا ہے۔۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو فعال بنانا اور شہریوں کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اس فیصلے سے پراپرٹی کی خرید و فروخت میں اضافہ اور ہاؤسنگ سیکٹر میں بہتری متوقع ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کے بجائے ٹیکس بیس کو وسعت دی جائے تاکہ زیادہ افراد ٹیکس نیٹ میں شامل ہو سکیں۔
مزید برآں، بورڈ نے اسلام آباد کو ثقافتی و سیاحتی حب بنانے کے لیے کریٹیو کنسلٹنٹ (سٹی کیوریٹر) کی خدمات حاصل کرنے کے کنٹریکٹ کی منظوری دی۔ اس ضمن میں تمام قانونی و پروکیورمنٹ تقاضے مکمل کیے گئے۔ چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق، اس اقدام سے شہر کے پارکس، گرین بیلٹس اور مجموعی لینڈ اسکیپنگ میں نمایاں بہتری آئے گی اور اسلام آباد کو ایک جدید، خوبصورت اور متحرک شہر بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ (پیکج ون اور ٹو) کو آؤٹ سورس کرنے کے عمل پر بھی غور کیا گیا۔ گریوینس ریڈریسل کمیٹی اور پروکیورمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں موجودہ پروکیورمنٹ عمل کو ختم کرنے اور نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے دیگر شہروں کے کامیاب ماڈلز کا جائزہ لے کر ایک مؤثر، پائیدار اور جدید نظام متعارف کروانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
یہ نوٹیفکیشن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی، بہتری اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



