
کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
نیدر لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، مائیکل لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے ڈچ کھلاڑی ایکرمین تھے جو 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈاس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ محمد ابرار نے حاصل کی جبکہ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا۔ وین ڈر مرفی نیدر لینڈ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا کا کہنا تھا سری لنکا میں پہلی بار ایسی پچ دیکھ رہاہوں ، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم اور عثمان خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے مگر پہلے بیٹنگ پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے، بالکل اسی طرح جیسے باقی تین میچز بھی فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شریک 20 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے پہلے روز 3 میچز ہوں گے۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، جبکہ میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے اس لیے ٹاس بہت زیادہ اہم ہوگا۔
آج ہونے والے دیگر میچوں میں ویسٹ انڈیز اسکاٹ لینڈ کا سامنا کرے گا جبکہ بھارت کی ٹیم آمریکا کے مدمقابل ہوگی۔



