کھیل

ہم رزلٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، کھلاڑی غلطیوں کو دور کرنے پر کام کر رہے ہیں: صائم ایوب

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب نے کہا ہےکہ ٹیم کا ماحول مثبت ہے اور کھلاڑی نتائج کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔

صائم ایوب نے کہا کہ خراب اسٹارٹ کے باوجود ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے اور اس میں مزید بہتری آئی ہے، ہم لوگ اس وقت رزلٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم اپنا کام کیسے بہتر کرسکتے ہیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ابتدائی میچز میں ٹیم سے غلطیاں ہوئیں لیکن کھلاڑی ان غلطیوں کو دور کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ پچھلے 2 میچز جس طرح ہم ہارے، تو ایسا ہوتا ہے، کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوتی ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہر میچ میں جو غلطیاں ہو رہی ہیں، ان کو کم کریں اور بہتری لائیں۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کی غیر یقینی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتار چڑھاؤ ہر ٹیم کے ساتھ ہوتا ہے، پچھلے سال اسلام آباد نے پہلے 5 میچ جیتے اور آخری 5 ہارے جب کہ لاہور کو آخری میچ تک پتا نہیں تھا کہ وہ کوالیفائی کریں گے یا نہیں لیکن وہ ٹورنامنٹ جیت گئے۔

لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا، اہم غیرملکی بیٹر ٹورنامنٹ سے باہر

صائم ایوب نے واضح کیا کہ ٹیم اپنی حکمت عملی پر قائم ہے اور نتائج کے بجائے عمل پر توجہ دے رہی ہے، ہمیں نتائج کی زیادہ فکر نہیں ہے، ہمیں یقین ہے، باقی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔’

کوالیفکیشن کے امکانات سے متعلق سوال پر صائم ایوب کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم دوسری ٹیموں کے نتائج پر نظر رکھنے کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے، 6 میچز باقی ہیں، ہم 6 کے 6 بھی جیت سکتے ہیں، کوئی چیز ناممکن نہیں۔

فارم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ فارم اور آؤٹ آف فارم کے تصور پر زیادہ یقین نہیں رکھتے،کبھی ایسا ہوتا ہے کہ پلیئر اچھا نہیں کھیل رہا ہوتا لیکن رنز بن رہے ہوتے ہیں اور کبھی اچھا کھیل رہا ہوتا ہے لیکن رنز نہیں بن رہے ہوتے البتہ اپنی بیٹنگ پر فوکس کر رہا ہوں، میں اگر ناکام بھی ہو رہا ہوں تو اپنی مرضی کی بیٹنگ کرتے ہوئے ناکام ہو رہا ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker