شدید موسمی صورتحال، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم پنجاب میں داخل ہو گا۔
20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ جبکہ اسی عرصے میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوئی کمپنیوں کو گھریلو صارفین کیلئے گیس فراہمی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے گا۔ جبکہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔



