ایران کی نئی رجیم کے صدر نے ابھی امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے، ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی نئی رجیم کے صدر نے ابھی امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی نئی رجیم کے صدر نے ابھی امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی نئی رجیم کے صدرپہلے والوں سے کہیں کم شدت پسند اور کہیں زیادہ ذہین ہیں ، ہم جنگ بندی کی درخواست پر غور کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ درخواست پر تب غور کریں گے جب آبنائے ہرمز کھلی اور مکمل طور پر محفوظ ہو جائے گی، تب تک ایران پر حملےجاری رہیں گے، اسے پتھر کے زمانے میں دھکیل دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 سے 3 ہفتوں میں ایران جنگ سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران میں رجیم چینج پہلے ہی ہوچکی ہے لیکن رجیم چینج امریکاکا مقصد نہیں تھا بلکہ فوجی کارروائی کا اصل مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا تھا اور یہ ہدف حاصل کر لیاگیا ہے۔



