ترقیاتی فنڈز میں کروڑوں روپے کے غبن پر محکمہ زراعت کے دو افسران گرفتار

نصیر آباد: ترقیاتی فنڈز میں کروڑوں روپے کے غبن پر محکمہ زراعت کے دو افسران گرفتار
🔶 نصیر آباد: اینٹی کرپشن بلوچستان نے نصیر آباد میں ترقیاتی فنڈز میں بڑے پیمانے پر خورد برد کے الزام میں محکمہ زراعت کے دو سینئر افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی شبیر بھنگ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب پروٹیکشن بند اور چار تالابوں کی تعمیر سے متعلق ترقیاتی اسکیم میں کی گئی، جہاں تحقیقات کے مطابق زمین پر کوئی حقیقی کام نہیں ہوا لیکن ٹھیکیدار کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کر دی گئیں۔
🔶 اینٹی کرپشن حکام کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ اسکیم صرف کاغذی حد تک محدود تھی، جس کے ذریعے سرکاری خزانے کو تقریباً 40 کروڑ روپے کا بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ اس سنگین بدعنوانی کے الزام میں سابق ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سعید کھوسہ اور سابق سب انجینئر علی مردان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
🔶 حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افسران کو باقاعدہ کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ مزید براں، کیس میں ملوث دیگر ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



