لیبیا کے قریب غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 53 افراد جاں بحق

لیبیا کے قریب غیرقانونی تارکین وطن کی ایک اورکشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 53 افراد جاں بحق ہوگئے۔ عالمی میدیا رپورٹس کے مطابق لیبیا کے ساحل کے قریب ہونے والے اس افسوسناک حادثے میں ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 53 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں دو کم سن بچے بھی شامل ہیں، یہ واقعہ شمال مغربی لیبیا کے ساحلی شہر زوارہ کے شمال میں پیش آیا ہے۔
بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کشتی 6 فروری کو سمندر میں الٹ گئی تھی، اس کشتی میں درجنوں افراد سوار تھے جو بہتر مستقبل کی تلاش میں سمندر کے خطرناک راستے سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا، حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، ان میں سے لوگوں کی بڑی تعداد کے لاپتہ ہونے یا جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ھادثے کے نتیجے میں جاں بحق یا لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں، انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے اس خطرناک سفر کے دوران پیش آنے والے مسلسل حادثات پر تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے، تاہم لیبیا کے اس ساحلی علاقے کا غیرقانونی مہاجروں کے اہم راستوں میں شمار ہے جہاں سے ناصرف افریقہ بلکہ دیگر خطوں کے افراد بھی کشتیوں کے ذریعے یورپ کا سفر کرتے ہیں۔



