پنجاب میں پہلی بار وزیر اعلیٰ تک براہ راست رسائی کیلئے خصوصی پورٹل قائم

لاہور: پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ تک عوامی آرا اور تجاویز پہنچانے کے لیے خصوصی پورٹل قائم کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے “ٹاک ٹو سی ایم” کے نام سے اس منفرد پورٹل کا باضابطہ ڈیجیٹل آغاز کر دیا۔ جس کا مقصد نوجوانوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب سے براہ راست رابطہ اور تجاویز دینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بریفنگ میں بتایا کہ پورٹل میں 20 سال اور اس سے اوپر کے نوجوانوں کے لیے الگ سیکشن یا انٹرفیس بنایا گیا ہے۔ تاکہ ہر عمر کے نوجوان صوبے بھر سے سی ایم کے پروگرامز اور پراجیکٹس کے بارے میں خیالات اور تجاویز براہ راست شیئر کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے 2026 کو یوتھ کا سال قرار دیا ہے۔ اور ’ٹاک ٹو سی ایم‘ پنجاب کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا پورٹل ہے۔ جس کے ذریعے نوجوان نہ صرف وزیر اعلیٰ کے پروگرامز اور منصوبوں پر فیڈبیک دے سکیں گے۔ بلکہ اپنا نام اور مختصر معلومات کے ساتھ آئیڈیاز بھی شیئر کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما سردار تبارک علی ن لیگ میں شامل
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ پورٹل نوجوانوں کو براہ راست ابلاغ کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اور اس سے حکومت کو عوامی خیالات اور تجاویز حاصل کرنے میں سہولت ہوگی۔



