بلوچستانQuetta
کوئٹہ: رمضان میں گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن، 113 افراد گرفتار
کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ نے ماہِ رمضان کے دوران گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 113 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ متعدد دکانداروں کو جرمانے اور سزائیں بھی دی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے مطابق مختلف سب ڈویژنز میں کارروائیوں کے دوران پرائس کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق سب ڈویژن سٹی میں 41 قصائیوں اور تندور مالکان کو گرفتار کیا گیا۔ سب ڈویژن صدر میں 32 قصائیوں اور نانبائیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سب ڈویژن کچلاک میں 22 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ سب ڈویژن سریاب میں 18 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے جیل بھیجا جا رہا ہے اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔



