نادرا کا پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کی مشروط سہولت دینے کا اعلان

شناختی کارڈ سے محروم شہریوں کے لیے نادرا نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی مشروط سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ترجمان کے مطابق پہلی بار رجسٹریشن کے لیے یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک موثرہوگی،متبادل طریقوں سے درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔
اٹھارہ سال یا زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کے پاس نکاح نامہ موجود ہونا لازم ہوگا، والد یا والدہ اور شوہر کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہو اور ان کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔24 سال یا زائدعمرکے مرد کے والد یا والدہ اورکسی ایک بہن بھائی کا شناختی کارڈ بنا ہو،والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی،والدین، شوہردونوں فوت لیکن نادرا میں ریکارڈ موجود ہوا تو بائیومیٹرک چھوٹ مل سکے گی۔
نادرا کے مطابق پہلی بار نان اسمارٹ کارڈ کسی فیس کے بغیر بھی جاری کیا جائے گا،شہری رجسٹریشن کے وقت درست معلومات یقینی بنائیں،ولدیت، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش میں تبدیلی نہیں ہو سکے گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پرنادرا نے سہولت کا طریقہ وضع کیا،نادرا اتھارٹی بورڈ بھی اس کی منظوری دے چکا ہے،نادرا آرڈیننس اور شناختی کارڈ قواعد و ضوابط کے تحت سہولت دی گئی ہے۔



