نیتن یاہو اور مودی کی طالبان حمایت سے متعلق ’ڈیپ فیک ویڈیوز‘: ’یہ اے آئی ہے لیکن انڈیا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ڈھکا چھپا نہیں‘

انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کے دوران نیتن یاہو کی ایک جعلی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ انڈیا اور اسرائیل افغان طالبان سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
بعض صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کلپ کو شیئر کیا اور اسے پاکستان اور افغان طالبان کے مابین جاری مخاصمت کے تناظر میں انڈیا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ قرار دیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ نیتن یاہو نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم مودی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔
ڈیپ فیک اے آئی ویڈیو میں اسرائیلی وزیر اعظم سے یہ بھی منسوب کیا گیا کہ اُنھوں نے کہا کہ انڈین وزیراعظم کی درخواست پر اسرائیل افغان طالبان کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا بھی اعلان کر رہا ہے۔
لیکن بعد ازاں معلوم ہوا کہ انڈین وزیر اعظم نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ہمراہ کوئی مشترکہ نیوز کانفرنس نہیں کی جبکہ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) سے الگ الگ خطاب کیا جس میں اسرائیلی وزیر اعظم نے افغانستان، طالبان اور پاکستان سے متعلق کوئی گفتگو ہی نہیں کی۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے دو روزہ دورے پر آنے والے انڈین وزیرِ اعظم نے بدھ کو اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) سے خطاب کیا تھا، جہاں نیتن یاہو بھی موجود تھے۔ انڈین وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق یہ کسی بھی انڈین وزیراعظم کا اسرائیلی پارلیمنٹ سے پہلا خطاب تھا اور اس خطاب میں وزیر اعظم مودی نے دونوں ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔



