ایران سے آنے والے موسمی سسٹم کے ساتھ آلودہ ذرات پاکستان تک پہنچنے کا خدشہ

ایران سے آنے والے موسمی سسٹم کے ساتھ آلودہ ذرات پاکستان تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا، ایران کے راستے آنے والے سسٹم میں آلودگی پیدا کرنے والے ذرات موجود ہونے کے پیش نظر ریجنل آفسز کو بارش کے نمونے جانچ کیلئے جمع کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا نیا سسٹم کل ایران کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا، نئے سسٹم کے زیراثر شمال مشرقی بلوچستان بارشوں کی توقع ہے، بارشوں کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا، بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، مغرب سے آنے والی ہواؤں میں آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی حصوں تک پہنچ سکتےہیں، ان ہواؤں کی وجہ سے ملک کے مغربی علاقوں کا فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ لاہور گوجرانولہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں مزید بارش کی توقع ہے، اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا اورسب سے زیادہ بارش تاجپورہ، پانی والا تالاب، چوک نا خدا، فرخ آباد اور نشتر ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی، اسی طرح پنجاب کے دیگر شہروں اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گوجرانولہ ،حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بھی بارش ریکارڈ ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز لاہور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ21 سینٹی گریڈ رہا، ہوا میں نمی کی شرح 25 فیصدریکارڈ کی گئی، اسی طرح لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 116 فیصد رہی، شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس بیدیاں روڈ پر 139، اے آر سی لاہور 105، برکی روڈ 151، عسکری ٹین 84، علامہ اقبال ٹاؤن 127، ڈی ایچ اے فیز فائیو 105، کنٹونمنٹ 147، ماڈل ٹاؤن 112 اور سی ای آر پی آفس میں 127 ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔



