
سانحہ گل پلازہ جوڈیشل کمیشن کو جمع کرائے گئے اپنے جواب میں ڈپٹی کمشنر جنوبی نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو ایمرجنسی کنٹرول روم اینڈ وائرلیس کوآرڈینیشن سسٹم کے ذریعے گل پلازہ میں آگ لگنے کی اطلاع تقریباً 10:27 منٹ پر ملی، اطلاع کے ذریعے موصول ہوئی، ڈپٹی کمشنر جنوبی، اسسٹنٹ کمشنر گارڈن ڈویژن کا بنیادی کام انتظامیہ کو متحرک کرناتھا، ڈی سی جنوبی 10بج کر31 منٹ پر گل پلازہ پہنچے، اداروں کے درمیان تعاون کے لیے وہیں موجود رہے۔
جواب میں کہا گیا کہ ڈی سی ساؤتھ نے گل پلازہ پہنچ کر فوری ریسکیو اداروں سےرابطے کیے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر بنایا تاکہ متعلقہ اداروں سے رابطہ ہو، متاثرین کوسہولتیں فراہم کی جاسکیں، ڈپٹی کمشنر آفس کے ریسکیو اداروں فائر بریگیڈ،کےایم سی، ریسکیو 1122 سے قریبی روابط تھے۔
جوڈیشل کمیشن کو جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ پولیس اور ٹریفک پولیس کا نظام اپنی انتظامیہ کے تحت کام کرتا ہے، ایمرجنسی میں یہ ادارے امن و امان اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، ریسکیو ایریا کی حفاظت کرتے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے اداروں کے درمیان روابط کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کیا، ضلعی انتظامیہ نے ضروری انتظامی اور لاجسٹک سہولتیں فراہم کیں۔
جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ گل پلازہ ایم اے جناح روڈ پر واقع ہے جو کے ایم سی کے انتظامی دائرہ اختیار میں آتا ہے جبکہ پلازہ کے دونوں اطراف کی اندرونی رابطہ سڑکیں ٹی ایم سی صدر کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں، گرین لائن منصوبے کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ کی مؤثر چوڑائی کم ہو چکی تھی اور ایم اے جناح روڈ کی مؤثر چوڑائی کم ہونے سے رش کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا تھا۔
جوڈیشل کمیشن کو جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے دن ٹریفک معمول سے کچھ زیادہ تھا اور ابتدا میں کچھ ٹریفک جام کی اطلاع ملی، ٹریفک پولیس نے فوری طور پر راستے صاف کر دیے تھے تاکہ ہنگامی امدادی گاڑیاں بغیر رکاوٹ کے پہنچ سکیں، ہنگامی امدادی گاڑیوں میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی شامل تھیں، ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے ریسکیو عملے کی رسائی کو یقینی بنایا۔
جواب میں کمیشن کو بتایا گیا کہ متعلقہ حکام نے مارٹن روڈ کو رمپا پلازہ سائیڈ سے بند کیا، انکل سریا اسپتال کی جانب سے رسائی کو محدود کیا گیا تاکہ آپریشنل حفاظت یقینی بنائی جا سکے، ڈسٹرکٹ پولیس نے جائے وقوعہ پر ہجوم کو کنٹرول کیا تاکہ ہنگامی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ہو۔
ڈی سی جنوبی کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کی ساختی حفاظت، بلڈنگ پلان کی منظوری اور ضابطہ جاتی پابندی سے متعلق معاملات متعلقہ ریگولیٹری اداروں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، ضلع جنوبی میں کمرشل عمارتوں، شاپنگ مالز اور بلند عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹس اور معائنے کیے، فائرسیفٹی آڈٹس کا مقصد فائر سیفٹی قوانین کی پابندی اور ممکنہ خطرات کی نشاندہی کاجائزہ لینا تھا۔



