وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اجلاس میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیا کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مالز بھی رات 8 بجے بند ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور کھانے پینے کی دکانیں رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ جبکہ میرج ہالز اور مارکیز بھی رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات پر رات 10 بجے کے بعد پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنٰی ہوں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کیے گیے فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔
فیصلے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فیصلوں پرعملدرآمد ہوگا جبکہ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار پرمشاورت کا عمل تاحال جاری ہے۔



