امریکا ایران جنگ بندی: حکومت کا جمعہ کو یوم تشکر منانےکا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے امریکا ایران جنگ بندی پر آئندہ جمعہ کو یوم تشکر منانےکافیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں کابینہ نے پاکستان کی کوششوں سے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی کامیاب جنگ بندی پر آئندہ جمعہ کو یوم تشکر منانےکا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات پر ارکان کو بریف کیا۔
وزیراعظم نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ذکر کیا جب کہ اس دوران فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا،فیلڈمارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی کاوشیں لائق تحسین ہیں، عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی میں تبدیل کریں گے، پاکستان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، خطے اور دنیاکو آگ کے شعلوں سے بچا کر پر امن بنانا ہے۔
وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان کو امریکا ایران مزاکرات کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے، اللہ نے پاکستان کا وقار بلندکیا،صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔



