کمرہ لاک ہونے پر 89 سالہ خاتون ریلنگ سے 27 ویں سے 21 ویں منزل نیچے اتر گئی
اگر آپ بلند و بالا اپارٹمنٹ بلڈنگ کی 27 منزل کے کسی کمرے میں بند ہو جائیں تو کیا کریں گے؟

کم از کم ریلنگ سے نیچے اترنے کی ہمت تو نہیں کریں گے، مگر چین میں ایک 89 سالہ خاتون نے بالکل ایسا ہی کیا۔
جی ہاں یکم اپریل کو چینی دارالحکومت بیجنگ سے تعلق رکھنے والی خاتون کو ایک رہائشی عمارت کی 27 منزل سے نیچے اترتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ خاتون حادثاتی طور پر کمرے میں بند ہوگئی تھی۔
صفائی کرنے والے ایک شخص اور ایک سکیورٹی گارڈ نے کچھ آوازیں سنی تھیں اور جب اوپر دیکھا تو اس وقت دنگ رہ گئے جب انہوں نے 89 سالہ خاتون کو ائیر کنڈیشنر کے تحفظ کے لیے بنائی گئی ریلنگ سے اترتے دیکھا۔
انہوں نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا اور چیخ کر خاتون کو کہا کہ وہ امدادی ٹیم کے آنے تک ریلنگ کو پکڑ کر رکھیں۔
مگر خاتون مسلسل نیچے اترتی رہی اور جب تھکاوٹ کے باعث رکی تو 21 ویں منزل تک پہنچ گئی تھیں جو سطح زمین سے 50 میٹر بلند تھی۔
فائر فائٹرز خاتون کو بچانے کے لیے وہاں پہنچے تو ان کے لیے معمر خاتون کی مدد کرنا آسان نہیں تھا۔
کمرہ لاک ہونے پر 89 سالہ خاتون ریلنگ سے 27 ویں سے 21 ویں منزل نیچے اتر گئی
خاتون کمرے میں بند ہوگئی تھی / اسکرین شاٹ
پہلے انہوں نے 21 منزل کے اپارٹمنٹ کے اندر سے ایک حفاظتی رسی سے خاتون کو باندھا اور پھر ریلنگ کے اس حصے کو کاٹ کر ایک پلیٹ فارم بنایا، تاکہ خاتون اس پر بیٹھ سکے۔
انہوں نے خاتون کو ایک جیکٹ اور پانی بھی دیا۔
پریشان خاتون نے بتایا کہ وہ کمرے میں بند ہوگئی تھی اور موبائل فون دوسرے کمرے میں رہ گیا تھا۔
اس وجہ سے انہوں نے ریلنگ سے نیچے اترنے کا خطرناک فیصلہ کیا اور وہ اس سے پہلی منزل تک جانے کا ارادہ رکھتی تھی۔
20 منٹ کے آرام کے بعد فائر فائٹرز نے اس عارضی پلیٹ فارم اور 21 ویں منزل کے اپارٹمنٹ کے درمیان ایک اسٹریچر سے ایک پل بنایا اور خاتون کو عمارت کے اندر کھینچ لیا۔
اس پورے واقعے کے دوران خاتون زخمی نہیں ہوئی بلکہ بہت زیادہ تھکاوٹ اور خوف کا شکار ضرور ہوئی۔



