کھیلکرکٹ

ترجیح انفرادی کارکردگی کے بجائے ٹیم کی کامیابی اور ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئےٹرافی جیتنا ہے: ابرار احمد

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور ایونٹ کا ایکشن اب کراچی منتقل ہو چکا ہے، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے ٹیم کے لیے نئے مرحلے میں بہتر کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ابرار احمد نے کہا کہ ٹیم پہلے مرحلے کو بھلا کر کراچی میں نئی شروعات کرنا چاہتی ہے کیونکہ لاہور میں ابتدائی مرحلہ ان کے لیے توقعات کے مطابق نہیں رہا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی کی وکٹیں اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوں گی اور وہ یہاں سے اپنی مہم کا کامیاب آغاز کریں گے۔

ابرار احمد کا کہنا تھا کہ کچھ میچز ایسے تھے جو ٹیم جیت سکتی تھی لیکن مڈل آرڈر بیٹنگ میں غلطیوں کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلام آباد اور کراچی کے خلاف میچز میں بھی ٹیم کے پاس جیت کے مواقع موجود تھے تاہم وہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور امید ہے کہ کراچی کے مرحلے میں کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

اپنے ذاتی اہداف کے حوالے سے ابرار احمد نے واضح کیا کہ ان کی ترجیح انفرادی کارکردگی کے بجائے ٹیم کی کامیابی ہے، “میرا ہدف صرف یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ٹرافی جیتوں”۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اچھی اکانومی کے ساتھ کارکردگی دکھائیں گے تو اس کا فائدہ ٹیم کو ہوگا اور ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرسکے گی۔

بیٹنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز کے باعث بولرز کو زیادہ اسمارٹ ہونا پڑتا ہے : ابرار احمد
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولرز کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں بیٹنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز کے باعث بولرز کو زیادہ اسمارٹ ہونا پڑتا ہے، کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ بولر وکٹ اور میچ کی صورتحال کو سمجھتے ہوئے حکمت عملی ترتیب دے اور بیٹرز کی مضبوطی اور کمزوری کو مدنظر رکھ کر بولنگ کرے۔

کراؤڈ کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شائقین کی موجودگی میچ کا حسن بڑھاتی ہے اور کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالات بہتر ہونے کے ساتھ آئندہ میچز میں شائقین کو اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی اجازت نہ جائے گی

دی ہنڈریڈ میں شمولیت اور اس پر ہونیوالی گفتگو پر ابرار نے کہا کہ م “میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے، چاہے میں کہیں بھی کھیلوں، میری توجہ صرف اپنی کارکردگی پر ہوتی ہے”۔

ابرار احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی مرحلے میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے ایونٹ میں مضبوط کم بیک کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker