مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو پہلے سے زیادہ شدت کیساتھ فوجی کارروائیاں شروع کردیں گے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہ ہونے کی صورت میں پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ فوجی کارروائیاں شروع کرنے کی دھمکی دیدی۔
صدر ٹرمپ نے امریکی جریدے نیویارک پوسٹ سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئےکہا اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات کامیاب ہوں گے یا نہیں، بہت جلد پتا چل جائے گا، اگلے 24 گھنٹوں میں ہی پتا چل جائے گا۔
امریکی صدر نےکہا اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو امریکا پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ فوجی کارروائیاں شروع کردے گا۔
اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر مختصر بیان میں لکھا کہ ‘دنیا کا سب سے طاقتور ری سیٹ’، اس حوالے سے امریکی میڈیا نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے یہ جملے ایران سے مذاکرات کے حوالے سے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کی قیادت آج اسلام آباد میں مذاکرات کرے گی، امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر پر مشتمل ہوگا جبکہ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف شامل ہیں، پاکستان نے مہمان وفود اور مہمان صحافیوں کے لیے ویزا سہولت دے دی۔



