نیا سسٹم آج ملک میں داخل ہونے کی پیشگوئی، 17 اپریل تک موسلا دھار بارشوں کا امکان

ملک میں بارشیں برسانے والا نیا سسٹم آج داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے تحت 17 اپریل تک موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والا مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، موسلادھار بارشوں کا سلسلہ17 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اس نئے سسٹم کے باعث آج چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف شہروں میں بادل برسنے کی توقع ہے، اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ میں کل بارش کا امکان ہے جب کہ ملک کے بالائی علاقوں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کردی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ این ڈی ایم اے نے بھی ملک کے مختلف حصوں میں 12 سے 17 اپریل تک بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور گجرات میں 13 سے 17 اپریل بارش کا امکان ہے، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں بھی 13 سے 17 اپریل بارش متوقع ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں بھی 12 سے 17 اپریل تک بارش متوقع ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی 12 سے 17 اپریل تک آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسی طرح سکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غذر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی بارش متوقع ہے، پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔



