پاور ڈویژن کا پیک آورز میں روزانہ سوا دو گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا اعلان

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے پیک آورز میں روزانہ سوا 2 گھنٹے کی بجلی لوڈشیڈنگ کا اعلان کر دیا۔
ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے پیک آورز ریلیف اسٹریٹیجی سے متعلق بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی تا فروری بجلی صارفین کو 46 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بجلی 71 پیسے سستی ہوئی ہے، کم لاگت ذرائع اور پیداواری صلاحیت کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ترسیلی و انتظامی سطح پر بہتری لا کر نقصانات کو کم کیا، عالمی سطح پر سخت حالات کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار مستحکم ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت بھی ہم ضرورت کے مطابق بجلی پیدا کرسکنے کے قابل ہیں، حکومت کو پیک آورز میں کھپت میں اضافے کا سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے، مہنگے ایندھن پر انحصار سے بجلی کی قیمت میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔



