انٹرنیشنل

اسپین نے تقریباً 5 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینےکے منصوبےکی منظوری دے دی

اسپین نے تقریباً 5 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینےکے منصوبےکی منظوری دے دی
اسپین کی حکومت نے تقریباً 5 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے سوشل میڈیا پر ہسپانوی عوام کے نام جاری خط میں اس فیصلے کو انصاف کا عمل اور اسپین کی ضرورت قرار دیا۔

پیدرو سانچیز کا کہنا تھا کہ اس عمل کا مقصد تقریباً 5 لاکھ ایسے افراد کی حقیقت کو تسلیم کرنا ہے جو پہلے ہی ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں، ان تارکین وطن نے ایک امیر، کشادہ دل اور متنوع اسپین کی تعمیر میں مدد دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ افراد ایک ایسے ملک میں معیشت اور عوامی خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں جہاں آبادی تیزی سے عمر رسیدہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ اسپین خود ماضی میں ایسا ملک رہا ہے جہاں کے لوگ بہتر مواقع کی تلاش میں بیرون ملک ہجرت کرتے رہے ہیں۔

اسپین کی قدامت پسند اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے اس قانون سازی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کو روکنے کی کوشش کرےگی، کیونکہ اس منصوبے سے مزید لوگوں کو اسپین آنے کی ترغیب ملےگی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حکومتی منصوبےکے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو ایک سالہ رہائشی اجازت نامہ دیا جائےگا، جس کی تجدید بھی ہوسکے گی۔

اس قانون سے مستفید ہونے والے افرادملک کے کسی بھی حصے میں اور کسی بھی شعبے میں کام کر سکیں گے تاہم پہلے انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کم از کم 5 ماہ پہلے سے اسپین میں مقیم ہیں اور ان کا مجرمانہ ریکارڈ صاف ہے۔ درخواست دینے کی مدت 16 اپریل سے جون کے آخر تک مقرر کی گئی ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوور سیز ایمپلائمنٹ کے مطابق وہ افراد جو 31 دسمبر 2025 سے پہلے سے اسپین میں موجود ہیں وہ اس قانون سے مستفید ہوسکیں گے۔

یہ اسکیم ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یورپ کے کئی دیگر ممالک امیگریشن پر کنٹرول سخت کر رہے ہیں۔

تھنک ٹینک فنکاس کے مطابق جنوری 2025 کے آغاز میں اسپین میں تقریباً 8 لاکھ 40 ہزار غیر قانونی تارکین وطن مقیم تھے، جن میں زیادہ تر لاطینی امریکی تھے۔

ہسپانوی قومی ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اسپین کی 4 کروڑ 94 لاکھ کی کل آبادی میں سے 70 لاکھ سے زائد غیر ملکی مہاجرین ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker