وزیراعظم شہباز شریف سعودیہ کا دورہ مکمل کرکے قطر پہنچ گئے، شاندار استقبال
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ ختم کرکے قطر پہنچ گئے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچنے پر وزیر مملکت خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطاء تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاق چوبند دستے نے سلامی بھی دی جب کہ وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ائیر پورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں پاکستانی کی خطے و عالمی امن کے لیے جاری کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال ہو گا۔
دوسری جانب وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق قطر کی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے طیارےکو حفاظتی حصار میں لیا۔
قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے جہاز کو حفاظتی حصار میں ائیر پورٹ تک چھوڑا جب کہ وزیر اعظم نے قطری قیادت اور پائلٹس کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔



