بھارت: شادی میں رس گلے لینے پر کیٹرنگ والے نے بچے کو تندور میں پھینک دیا
بھارت میں ایک سفاک شخص نے رس گلے لینے پر بچے کو تندور میں پھینک دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش میں پیش آیا جہاں کا رہائشی 11 سالہ چمن والدہ کے انتقال کے بعد سے اپنی نانی کے ساتھ رہتا تھا، چمن اپنی نانی کے ساتھ کسی رشتے دار کی شادی میں گیا تھا جہاں وہ کھانے پکانے کے حصے میں گیا اور رسہ گلے لینے لگا جس پر کیٹرنگ والے نے بچے پر غصہ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بچے کے بار بار رس گلے لینے پر موقع پر موجود کیٹرنگ ٹھیکیدار ناراض ہو گیا، ملزم نے پہلے بچے کو پکڑ کر ڈرایا پھر اسے اٹھا کر جلتے ہوئے تندور کے قریب لے گیا جس دوران بچہ توازن کھو بیٹھا اور تندور میں جاگرا۔
بچے کے رونے کی آواز سن کر موقع پر موجود لوگ فوری تندور کے پاس جمع ہوئے اور بچے کو تندور سے باہر نکالا جس سے بچے کا چہرہ اور کمر شدید جھلس چکی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چمن کو فوری طور پر علاج کے لیے ایودھیا میڈیکل کالج لے جایا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر اسے لکھنؤ میڈیکل کالج بھیج دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم موقع سے فوری فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔



